Tuesday, 14 May 2013

’پہلی ترجیح بھی معیشت، دوسری بھی معیشت، تیسری بھی معیشت‘

پاکستان میں عام انتخابات کے بعد اکثریت حاصل کرنے والی جماعت مسلم لیگ نواز کے سربراہ میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ 
حکومت بنانے کے بعد ان کی اولین ترجیح ملک کی معیشت کی بحالی پر ہوگی۔



نواز شریف نے کہا کہ معیشت کو بہتر بنا ہی کر احساسِ محرومی ختم کیا جا سکتا ہے اور جب محرومی کا احساس ختم ہوگا تو شکایتیں کم ہوں گی اور دہشت گردی اور بدعنوانی پر قابو پایا جا سکےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’معیشت ٹھیک کر لیں تو یہ سارے مسائل ٹھیک ہو جائیں گے۔ اکانومی ٹھیک کرتے ہیں تو اس سے پاکستان کے اندر تشدد ختم ہو جائے گا، بدامنی ختم ہو گی، دہشتگردی ختم ہو گی ، بے روزگاری ختم ہو گی ، غربت ختم ہو گی ، جہالت ختم ہو گی تو اور کیا چاہیے اس لیے سب سے زیادہ توجہ معیشت پر ہی ہوگی۔‘
اس سوال پر کہ اکثریت ملنے کے بعد اب ان کی پالیسی کیا ہوگی، نواز شریف نے کہا کہ ’جب انتخابات میں نیت صحیح رکھی ہے تو الیکشن کے بعد نیت خراب کیوں کریں گے۔ میں نے تو پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ہم سب کے ساتھ مل کر چلنا چاہتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم سب کو ساتھ دعوت دیں گے کہ آؤ اکھٹے چلیں اور اب اکثریت آ گئی ہے، ہم اس وقت بھی یہی کہیں گے کہ نواز شریف کا وزیراعظم بننا یا نہ بننا معنی نہیں رکھتا، اصل معاملہ ہے کہ پاکستان کو آگے چلنا چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں جس جماعت کو جس صوبے میں مینڈیٹ ملا ہے اسے وہاں حکومت بنانے کا حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس کا جہاں پر مینڈیٹ ہے اس کا احترام کیا جائےگا۔ جیسے سندھ میں پی پی پی کو مینڈیٹ ملا ہے اور انہیں اپنے مینڈیٹ کے استعمال کا حق ہے۔

No comments:

Post a Comment